"حضرت امام حسنؑ کی زندگی انتشار کے موجودہ دور میں مشعل راہ ہے"
شیعہ نیو ز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے ممتاز طالب علم رہنما محمد اکرم رضوی نے کہا ہے کہ مسلم حکمران حضرت امام حسنؑ کے کردار و عمل سے راہنمائی حاصل کریں، صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؑ کی محبت ایمان کی بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ٹی آئی کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ عظیم الشان امام حسنؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ پیر محمد عطاء الحق نقشبندی نے کی۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری نے کہا حضرت امام حسنؑ امت مسلمہ کے روشن چراغ اور ان کا عمل مینارہ نور ہے۔ حضرت امام حسنؑ اسلامی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ شیران اسلام صوبہ پنجاب کے ناظم اعلی رانا محمد آفتاب احمد نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسنؑ کے افکار کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے، حضرت امام حسنؑ تقوی، علم، بردباری اور سخاوت کے معاملے میں اپنی مثال آپ تھے۔ حضرت امام حسنؑ کی زندگی مہمان نوازی کے حوالے سے ضرب المثل ہے، نوجوان سماجی رہنما ریحان طاہر چودھری نے کہا حضرت امام حسنؑ کی زندگی انتشار کے موجودہ دور میں مشعل راہ ہے، حضرت امام حسنؑ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر سرخروئی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، حضرت امام حسنؑ کے کردار و عمل امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، کانفرنس سے علامہ محمد عبداللہ ثاقب، محمد سعید سعیدی، محمد اسلم بھٹی، عامر اسماعیل، اخلاق ربانی، حافظ فیض الرسول ربانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ایک قرار داد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سید زید حامد کو فوری طور پر سعودیہ سے رہائی دلائی جائے۔