پاکستانی شیعہ خبریں

کراچی میں یوم علی (ع) کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات مکمل، اسنیپ چیکنگ شروع

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادرہ )پاکستان رینجرز سندھ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی صدارت میں ہوا، جس میں یوم علی (ع) کے موقع پر سیکورٹی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا، تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے، اجلاس میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو، ڈی آئی جی ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ، ٹریفک، اسپیشل برانچ اور ڈائریکٹر آئی بی کراچی کے علاوہ اعلیٰ رینجرز حکام نے شرکت کی۔ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر یوم علی (ع) کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ سندھ رینجرز اور پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، رینجرز اور پولیس نے سندھ کے تمام بڑے شہروں میں اسنیپ چیکنگ شروع کر دی، یوم علی (ع) کے موقع پر رینجرز نے کراچی میں مرکزی جلوس کی نگرانی کے بھی انتظامات مکمل کر لئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ رینجرز کے سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کو چیک کیا جائے گا۔

جلوس کے گزرنے والے راستوں پر واقع اونچی عمارتوں پر رینجرز اور پولیس کے اسنائپر شوٹر تعینات کئے جائیں گے، جو کہ شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں گے۔ جلوس کی گزر گاہ میں آنے والے راستوں کو مکمل سیل کیا جائے گا، جبکہ نیشنل ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر بھی رینجرز اور پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے، اس کے علاوہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر بھی چیکنگ بڑھا دی گئی ہے، تاکہ شرپسند عناصر اپنے مضموم ارادوں میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ اجلاس میں علماء کرام سے پُرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ فرقہ واریت کے خاتمے اور شہر میں امن و امان قائم کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں، اور عوام میں اخوت و بھائی چارے کا شعور اجاگر کریں، یوم علی (ع) کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button