قدس کی آزادی امت کے اتحاد میں مضمر ہے، ڈاکٹر رحیق عباسی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)اکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے لاہور میں آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس تقاضا کرتا ہے کہ مسلم امہ متحد ہو جائے اور امت کے اتحاد سے ہی بیت القدس بھی آزاد ہو گا اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو ان کا حق بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں اس سفر کو جاری رکھا ہوا ہے اور ہم انشاء اللہ پوری امت کو متحد کریں گے اور اس اتحاد کی بدولت ہی فلسطین آزاد ہو گا، ہم کشمیر بھی آزاد کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت قاتل حکمرانوں کی حکومت ہے جو جعلی مینڈیٹ لے کر اقتدار پر قابض ہو گئے ہیں، ان سے نجات کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے فلسفے پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آج پوری دنیا میں مسلمان یوم القدس منا رہے ہیں اسی طرح پوری دنیا کے مسلمان متحد ہو کر اسرائیل کی نابودی کے لئے عملی اقدام بھی کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے لبنان میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں میں فلسطینی اور لبنانی عوام کا جذبہ دیکھا تو میرا یقین پختہ ہو گیا کہ فلسطین بہت جلد آزاد ہونے والا ہے، فلسطینیوں کے جذبے جوان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں، تفرقہ بازی پھیلائی جا رہی ہے، تاکہ امت کمزور ہو اور کچھ لادینی اور بدعنوان عناصر چاہتے ہیں اللہ اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے مساجد اور خانقاہوں میں محصور ہو جائیں اور اسلام کے نام پر حاصل کئے جانے والے اس ملک کو لوٹنے والوں کو کوئی روکنے ٹوکنے والا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین، قانون، قرآن و سنت کی تعلیمات کے تابع ہے۔ اقلیت نے اکثریت کو معاشی، سیاسی، سماجی سطح پر غلام بنا لیا ہے، اس غلامی سے نجات کی جدوجہد کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ ہمار انقلاب ہر طرح کی غلامی سے نجات کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مایوسی کفر ہے، ایمان، یقین والے مایوس نہیں ہوتے، حق کے غلبہ اور ہر طرح کے ظلم اور استحصال کے خاتمہ کیلئے اپنی جدوجہد کو تیز کریں۔ تھوڑے لوگ حق پر ہوتے ہیں اور یہی تھوڑے بالآخر فتح یاب ہوتے ہیں۔