Uncategorized

اسرائیل کے ناپاک وجود کو مٹانے کیلئے امت کو باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، استاد سید جواد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)ممتاز عالم دین اور جامعہ عروۃ الوثقٰی کے سربراہ کا لاہور میں مال روڈ پر یوم القدس کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیل کے ناپاک وجود کی بدولت آج اُمت مسلمہ مسائل کا شکار ہے اور یہود و نصاریٰ مل کر اُمت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو بچانے کے لئے مسلم ممالک میں بدامنی کو فروغ دے رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان، مصر، عراق، شام، اردن، کویت، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں بدامنی اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی دہشت گردی کا ذمہ دار اسرائیل ہے، جو بھارت کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، بھارت میں اسرائیل کے ٹریننگ کیمپ موجود ہیں، جہاں اسرائیلی انسٹرکٹر دہشت گردوں کو ٹریننگ دینے کے بعد پاکستان بھجوا دیتے ہیں اور ہمارے حکمران ہیں کہ مودی کی منتیں کر رہے ہیں کہ بلوچستان میں دہشت گردی بند کرے، ہمارے حکمران بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور بھارت مزید دہشت گردی کو ہوا دے دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ناپاک وجود کو مٹانے کے لئے امت کو باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، امت متحد ہوگئی تو مسلمانوں کے بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔

آغا سید جواد نقوی نے کہا کہ آج پاکستان کا وزیر داخلہ اعتراف کر رہا ہے کہ پاکستان میں بہت سی ایسی این جی اوز ہیں، جن کو چار چار ممالک چلا رہے ہیں، ان کے لئے بھارت، اسرائیل اور امریکہ الگ الگ فنڈنگ کرتے ہیں اور ان این جی اوز نے آج پاکستان کو تباہی کی دہانے کی طرف دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز نے پاکستان میں نسل نو کو گمراہی کے راستے پر ڈال دیا ہے، وہ عورت جس کو اسلام نے انتہائی محترم مقام دیا ہے، این جی اوز نے اس عورت کو بازاری جنس بنا دیا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب کی بجائے کلاشنکوف اور گٹار ہے، یہ سب ان این جی اوز کی سازشوں سے ہوا ہے، جو بیرونی فنڈنگ پر یہاں کام کر رہی ہیں۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ امام خمینی نے اسرائیل کے ناپاک وجود کے خاتمہ کا کلیہ بتا دیا تھا کہ اگر تمام مسلمان ایک ایک بالٹی پانی ہی اسرائیل پر ڈال دیں تو وہ اس میں ڈوب کر ہی مر جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج فلسطینیوں کے مسائل کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں، جو اپنے اقتدار کو دوام دینے کے لئے استعمار کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج شیعہ اور سنی کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، لیکن داعش کا جو فتنہ اسرائیل نے پیدا کیا ہے، اس کا راستہ نہ روکا گیا تو وہ بہت جلد اُمت کے مقدسات کی توہین کے لئے امڈ آئے گا، داعش نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسجد نبویﷺ ہر حملہ کریں گے، وہ صحابہ کرام کے مزاروں کو مسمار کر دیں گے، داعش نے اپنی دھمکی میں لاہور کا بھی ذکر کیا ہے کہ وہ داتا دربار کو بھی تباہ کر دیں گے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ داعش کی اس دھمکی کے بعد امت کو بیداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، امت کو شیعہ سنی کے حصار سے نکل کر باہمی اتحاد سے داعش کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم مسلمان امت کی طرف دیکھ رہے ہیں اور امت دشمن کی سازشوں کا شکار ہو کر خرافات میں پڑچکی ہے، امت کو اپنے اتحاد سے دشمن کی سازشیں ناکام بنانا ہوں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button