Uncategorized

امت مسلمہ کی نجات کا واحد ذریعہ قرآن ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرر ساں ادارہ )قرآن کتاب ہدایت ہے، جس نے قرآن کو تھام لیا وہ فلاح پا گیا، امت مسلمہ کی نجات کا واحد ذریعہ قرآن ہے، قرآن ایسا چراغ ہے جو بجھنے والا نہیں، قرآن مکمل ضابطہ حیات ہے، قرآن پر عمل کرکے ہی ہم اپنے سیاسی، اجتماعی، معاشرتی مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں جشن نزول قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خالق کائنات نے قرآن کی صورت میں آئین زندگی خاتم الانبیاء محمد مصطفٰی کے قلب اطہر پر اتارا، اس میں ہمارے ہر مسئلہ کا حل ہے، قرآن بیدار ی کا پیام ہے، قرآن وحدت کا پیغام ہے، قرآن سے انس و محبت کرنا خدا اور رسول و اہلبیت اطہار سے عشق و محبت کرنا ہے، جس نے قرآن کو اپنا لیا اسے صحرائوں اور پہاڑوں میں بھی رہنمائی ملے گی، جس نے قرآن کو پس پشت ڈال دیا، اس نے ہلاکت و تباہی کو اپنے اوپر مسلط کر لیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری کہا کہ مسلم امہ اگر قرآن کو اپنے لئے آئین و دستور بنائے تو دنیا کا نقشہ تبدیل ہوسکتا ہے، قرآن نکتہ اتحاد امت اور وحدت المسلمین کا آئینہ دار ہے، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم پر وہ حکمران مسلط ہیں جنہوں نے قرآن کو پس پشت ڈال رکھا ہے، اگر اسلامی ممالک کے حکمران قرآن کے طارق نہ ہوتے تو امت مسلمہ اس طرح خوار نہ ہوتی۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ قرآن کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس کی حفاظت کی ذمہ داری خدا نے لی ہے، قرآن کا اپنی اصل شکل میں موجود ہونا ہمارے لئے باعث فخر و اطمینان ہے، وگرنہ دوسری آسمانی کتابوں میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلیاں آچکی ہیں، قرآن اسی شکل میں موجود ہے جس شکل میں قلب اطہر رسول آخر پر نازل ہوا۔ انہوں نے متوجہ اور خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ قرآن کے متن میں تمام تر سازشوں کے باوجود تحریف نہیں کرسکے، وہ آج اس کی غلط و من مانی تعبیر کے ذریعے تحریف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

علامہ راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ اگر امت مسلمہ قرآن اور اہلیبیت سے متمسک ہوجائے تو یقیناََ نجات پائے گی۔ دہشت گرد و تکفیری گروہ قرآن کی آیات مطہرہ کو گلے کاٹتے ہوئے، بے گناہوں کو خون میں نہلاتے ہوئے اور انسانوں کی لاشوں کی توہین کرتے ہوئے استعمال کر رہے ہیں اور انہیں دنیا بھر میں نشر کر رہے ہیں، اس کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ کتاب ہدایت و رہنمائی سے دنیا کو بیزار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ایسے تکفیری و اسلام دشمن ایجنٹوں کی سازشوں کو سمجھنا ہوگا اور انہیں ناکام بنانے کی حکمت عملی بنانا ہوگی۔ جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد، تحفظ ناموس رسالت کے رہنما محمد علی نقشبدی، منہاج القرآن علماء مشائخ ونگ کے صدر سید فرحت حسین شاہ، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ ابوذر مہدوی، حاجی امیر عباس مرزا، سید اسد عباس نقوی، افسر حسین خاں سابق چیئرمین آئی او پاکستان سمیت معروف نعت و منعقبت خواں حضرات نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button