ایران و عالمی طاقتوں میں ہونیوالا معاہدہ تاریخ ساز اور خوش آئند ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایران اور مغربی ممالک میں ہونیوالے معاہدہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدہ سے نہ صرف ایران و مغربی ممالک میں جاری تناؤ کا خاتمہ ہوگا بلکہ اس کے خطے پر مثبت اثرات کے ساتھ ساتھ اسلامی ممالک کے اتحاد کیلئے موثر عمل ثابت ہوگا، معاہدہ کے بعد اب پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے بھی راہ ہموار ہوتی نظر آرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 13 سال کے طویل عرصہ سے جاری مذاکرات کے بعد مغربی ممالک اور برادر ہمسایہ ملک ایران میں ہونیوالے حالیہ معاہدہ پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ ہمیشہ مسائل مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں اور طاقت کا استعمال یا پابندیاں کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں۔ انہوں نے اس معاملے کو ’’دیر آید درست آید ‘‘ کا مصداق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ سے جہاں ایک طرف ایران کی اقتصادی مشکلات کا خاتمہ ہوگا، وہاں ایران و مغربی ممالک میں جاری تناؤ کا خاتمہ ہونے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ سے جہاں خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور اسلامی ممالک کے اتحاد میں بھی اہم پیش رفت ہوگی تو وہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مظلوم فلسطینیوں پر عشروں سے جاری اسرائیلی ظلم و بربریت اور جارحیت کو روکنے اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے عوامی جدوجہد کو بھی تقویت ملے گی۔