حکومت ایران سے گیس درآمد کرکے توانائی بحران حل کرنیکی کوشش کرے، میاں زاہد حسین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم و آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے ایران اور مغربی ممالک کے مابین جوہری معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے سمیت پوری دنیا پر اثرات پڑینگے، جبکہ پاکستان اور ایران کی دو طرفہ تجارت بڑھے گی، پاکستان اور ایران کے مابین پائپ لائن منصوبے پر ابتدائی معاہدے کے بیس برس بعد عمل درآمد کی امید پیدا ہو گئی ہے، جس سے ہماری بحران زدہ معیشت کو سنبھالا ملے گا، اب حکومت ایران سے گیس درآمد کرکے توانائی بحران حل کرنے کی کوششوں کی رفتار بڑھائے، تاکہ ملکی معیشت بحال ہو سکے، اور جی ایس پی کی سہولت حاصل کرنے کے ضمن میں کی گئی کوششیں اکارت نہ جائیں۔
میاں زاہد حسین نے کراچی میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے طویل عرصہ تک پاکستان کو ایران سے گیس درآمد کرنے دی، اور نہ ہی بھارت کے طرح سول نیوکلئیر معاہدہ کیا، جس سے پاکستان کی معیشت اور امریکا کی ساکھ متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ترکمانستان سے گیس کی درآمد مشکل ہے، جبکہ قطر سے پائپ لائن کے ذریعے گیس لانے کا منصوبہ کاغذوں میں دب گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بڑے ڈیموں پر چھوٹے صوبوں کے تحفظات دور کرکے تعمیر شروع کرے، تاکہ ملک کا مستقبل بچایا جا سکے، انرجی سیکورٹی ڈیموں سے مشروط ہے، حکومت بلاتاخیر ڈیموں کی تعمیر اور ایران سے گیس درآمد کرنے کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائے، ورنہ انرجی سیکورٹی کا خواب کبھی تعبیر نہیں ہوگا۔