Uncategorized

عالمی طاقتوں سے ایران کا جوہری معاہدہ امت مسلمہ کی فتح ہے، علامہ ریاض نجفی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر کے سربراہ علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے ایران کے ویٹو پاورز کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عرب ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ تنقید کی بجائے ایرانی قیادت کی طرح قوم کی ترجمان پالیسیاں اپنائیں، جن میں کامیاب سفارتکاری کی صلاحیت موجود ہے۔ علی مسجد ماڈل ٹاون لاہور میں علماء اور طلباء سے خصوصی خطاب میں ریاض نجفی نے کہا کہ ایران کو جو وقار عالمی سطح پر حاصل ہوا ہے، اس کے پیچھے شہداء کا خون، قیادت کا جمہوری رویہ اور استقامت موجود ہے، جس نے اسلامی جمہوری ایران کو عالمی سطح پر سرخرو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت تمام عرب ممالک کو اتحاد امت کے لئے کام کرنا چاہیے، تاکہ مسلم ممالک مضبوط قوت کے طور پر عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرسکیں، اس میں کوئی شک باقی نہیں رہا کہ ایران قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھ عالمی طاقتوں سے ایران کا جوہری معاہدہ امت مسلمہ کی فتح ہے، اس پر فخر کرنا چاہیے۔ تکلیف صرف اسرائیل کو ہے اور ہونی بھی چاہیے، مگر عرب ممالک کو بغیر کسی قسم کے تحفظات کے ایران کا ساتھ دینا چاہیے، اس سے امت کے مسائل بھی حل ہوں گے، قبلہ اول بیت المقدس کی اسرائیل سے آزادی کی راہ ہموار ہوگی، سعودی عرب، کویت، شام اور عراق سمیت مشرق وسطٰی کے تمام ممالک سے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا خاتمہ ممکن ہوگا، جو کہ اسلام اور مسلمانوں کے لئے صرف بدنامی کا باعث ہی نہیں، انسانوں کا قتل عام کرکے یہودی ایجنڈا بھی پورا کر رہی ہے۔ حافظ ریاض نجفی کا کہنا تھا کہ علماء کی قیادت میں ایرانی حکومت نے ثابت کیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مشکل مسائل کا حل نکل سکتا ہے، کیونکہ ایران نے اپنی شرائط پر معاہدہ کیا ہے۔ جس کا فائدہ پاکستان سمیت امت مسلمہ کے ہر ملک کو ہوگا، زیر التوا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا، جس سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی، ایران سے باہمی تجارت مزید آسان ہوگی، جس کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو ہوگا، جوہری معاہدہ ہوتے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور امریکہ کی طرف سے مسلط کردہ پابندیوں کے خاتمے سے ایرانی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button