Uncategorized

علامہ ساجد نقوی کیجانب سے سیلاب کی تباہ کاریوں اور جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساںا دارہ )شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آنیوالے سیلاب کی تباہ کاریوں اور جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنائیں جبکہ زیادہ تباہ شدہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر ان دکھی ہم وطنوں کی داد رسی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ سیلاب کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتیں اور پاک فوج کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، مگر اس میں مزید بہتری اور تیزی لائی جائے کیونکہ سیلاب کے باعث متاثرین بہت زیادہ پریشان ہیں۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے دکھی اور مصیبت میں گھرے پاکستانی بھائیوں، بہنوں کیلئے اپنی مدد آپ اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت امداد اور داد رسی کریں۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب کے نتیجے میں متاثرین سیلاب سے ان کے ہونے والے نقصانات پر اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ مصیبت کی اس مشکل گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

دریں اثناء شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے اسکردو، چترال سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سیلابی صورتحال کے باعث بہت زیادہ مالی نقصان ہونے، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کے تباہ ہونے، مکانات کے گر جانے اور پلوں و سڑکوں کے تباہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کی امداد کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں، سیلاب زدگان کی مدد میں اپنی ملّی ذمہ داریاں ادا کریں، حکومت کو چاہیے کہ وہ ہر سال آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے و روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے ملک میں نئے ڈیم بنا کر عوام کو بجلی کے بحران سے بھی نکالے، تاکہ ملک پستی کی طرف جانے کی بجائے ترقی کی طرف گامزن ہوسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button