آئی ایس او کے جوان ہی پاکستان میں رہبریت کی امید ہیں، تہور عباس حیدری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرر ساں ادارہ )امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے لیہ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران اراکین عاملہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او کے جوان ہی پاکستان میں رہبریت کی امید ہیں، 2 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہونے والے آئندہ سالانہ کنونشن میں علمائے کرام، وکلا حضرات، دانشور، انجینئرز اور پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں کے طلباء بھی شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن کے اہم پروگرامات میں انٹرنیشنل تعلیمی سیمینار، محفل دوستان، اسٹڈی سرکلز، شب شہداء اور محب کنونشن سمیت نئے مرکزی صدر کا انتخاب و اعلان اور ریلی شامل ہیں۔ مرکزی جنرل سیکرٹری مدثر عباس نے کہا کہ کنونشن الٰہی نظام ولایت کی تقویت کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہوگا، نظام ولایت سے مربوط ہو کر ہی ملت کے اجتماعی مسائل اور استعمار جہاں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ مجلس عاملہ کے اختتام پر مرکزی صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظام ولایت فقیہ کیساتھ ارتباط پر فخر ہے، کارکن آفاقی انقلاب کیلئے زمینہ سازی میں کردار ادا کریں اور امام زمانہ (عج) کے ظہور اور انقلاب کی راہیں ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نظام ولایت فقیہ ہی ہے کہ جس نے دنیا کی شیطانی قوتوں کے مقابلے میں پائیدار استقامت دکھائی ہے، اگر کوئی دنیاوی نظام ہوتا تو شاید دیر پا اور پائیدار استقامت برقرار نہ رکھ سکتا۔ اجلاس میں ملک بھر سے 23 ڈویژن کے اراکین نے شرکت کی۔