جمہوری ، سیاسی اور معاشرتی استحکام کےلئے عدالتی کمیشن کی رپورٹ کو تسلیم کیا جائے،علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ )علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق عدالتی کمیشن کی رپورٹ کو ملک میں جمہوری نظام کے استحکام کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کو تسلیم کرنا چاہیے اور اب ایسے اقدام اٹھائے جانے چاہئیں جس سے جمہوریت کے ثمرات صحیح معنوں میں عوام تک پہنچیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے 2013ءکے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے الزامات کی تحقیقات کے لئے قائم کئے گئے عدالتی کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور جمہوریت پسندقوتوں کو سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رپورٹ کو کھلے دل سے تسلیم کرلینا چاہیے اور اس رپورٹ کے بعد دھاندلی کے مسئلے پر حدت و شدت میں کمی آنی چاہیے۔
علامہ ساجد نقوی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ارض وطن ایک عرصہ سے سیاسی، معاشی اور معاشرتی عدم استحکام کا شکار ہے اب اس کے سنبھالے کےلئے اور صحیح معنوں میں جمہوریت کے ثمرات کو عوام تک پہنچانے کےلئے اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے کیونکہ ترقی یافتہ پاکستان اور سرزمین پاکستان اسی صورت میں صحیح معنوں میں اسلامی جمہوری فلاحی ریاست بن سکتی ہے جب یہاں سیاسی رویوں میں برداشت کا مادہ فروغ پائے ، سیاسی اختلاف رائے کو تسلیم کرتے ہوئے ایک دوسرے کےلئے گنجائش پیدا کی جائے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جمہوری قدروں کوفروغ دیا جائے ۔