پنجاب میں شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کے خلاف کاروائی کی جائے، حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لبنان سے اے ٹی آئی پنجاب کے نومنتخب ناظم سید بو علی شاہ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کے خلاف کاروائی کی جائے،شدت پسند مائنڈ سیٹ کو تبدیل نہ کیا گیا تو ہم جیت کر بھی ہار جائیں گے، مہنگائی کے طوفان میں گھری عوام کو دلاسوں سے بہلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرتیں پھیلانے والے ان کارخانوں کو بند کرنا ہو گا جہاں شدت پسندی کا سبق پڑھایا جاتا ہے،دہشت گردی نے ہماری قومی زندگی کو مسخ کر کے رکھ دیا ہے، غریبوں کی بے بسی اور حکومتی بے حسی کی انتہا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری کی مزاحمت کریں گے، بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہ آیا تو کنٹرول لائن کو بھارتی فوج کا شمشان گھاٹ بنا دیں گے، سیلاب میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے مستقل نجات کے لیے قوم کا فوج کے شانہ بشانہ ہونا ضروری ہے، حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت کا لاوا پھٹنے والا ہے، قوم موجودہ حکومت کی کسی پالیسی سے مطمئن نہیں، موجودہ حکومت جتنی دیر رہے گی مسائل میں اضافہ ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، قوم حقیقی آزادی کے راستے پر چل پڑی ہے، اب انقلاب اور تبدیلی قوم کا مقدر بنے گی، غریبوں کی خودکشیوں کے ذمہ دار حکمران ہیں، موجودہ حکومت کی نااہلی کئی بار ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی کیلئے پاک فوج کی قر بانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، قومی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے کراچی میں امن ضروری ہے، بھارت کا بنگلہ دیش سے گٹھ جوڑ وزارت خارجہ کی ناکامی ہے۔