لشکر جھنگوی کو چندہ دینے والے بڑے بڑے نام سامنے آگئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) ڈنکا نیوز کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی اور اہلسنت والجماعت (ملک اسحٰق گروپ) کے پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے سربراہ ملک اسحٰق اور اس کے ترجمان غلام رسول شاہ کے پولیس مقابلے سے قبل سی ٹی ڈی کے تفتیشی اہلکاروں کو سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاوہ فیصل آباد اور لاہور کے ان سیاسی گھرانوں، بڑے تاجروں اور صنعت کاروں کے متعلق معلومات فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے جو پچھلے کئی سال سے لشکر جھنگوی کو اپنے خاندان اور کاروبار کے تحفظ کے لیے ماہانہ بھتہ دیتے تھے۔ ذرائع کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی کو بھتہ دینے والوں میں پاکستان مسلم لیگ ن کے خانیوال سے ایک ایم این اے، لاہور کے ایک بڑے سیاسی خاندان کے علاوہ پنجاب کے ایک صوبائی وزیر، قومی اسمبلی کے سندھ سے رکن اور پی پی پی مرکزی رہنما کے علاوہ درجنوں ایسے افراد شامل ہیں جو خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے لشکر جھنگوی کو جان بخشی کا ماہانہ بھتہ دیتے تھے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بھتہ دینے والوں میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی شامل ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملک اسحٰق اور غلام رسول شاہ نے پچھلے چند سالوں کے دوران بہاولپور میں کئی مقامات پر قیمتی جائیدادیں بھی خریدیں جن کے لیے بھتہ اور دیگر غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی گئی رقم استعمال ہوئی۔