پاکستانی شیعہ خبریں

مولانا سمیع الحق نے تحریک طالبان نئے امیر ملا اختر منصور کی حمایت کا اعلان کردیا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم مولانا سمیع الحق اور مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ اور دارالعلوم حقانیہ کے تمام اساتذہ و مشائخ پاکستان اور افغانستان کے سرکردہ علماء کی موجودگی میں افغانستان کی تحریک طالبان اور امارت اسلامیہ پاکستان افغانستان کے نئے امیر ملا اختر منصور کی مکمل حمایت اور تائید کا اعلان کر دیا ہے اور تحریک میں شریک تمام افغان طلباء زعماء اور جہادی قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام خدشات اور تحفظات کو بالائے طاق رکھ کر اور ملا محمد عمر مرحوم کے جانشین اور ایک جھنڈے پر متفق ہو جائیں۔ این این آئی کے مطابق یہ اعلان یہاں دارالعلوم حقانیہ کے تعلیمی سال کے افتتاح کے موقع پر درس حدیث دیتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کیا اور کہا کہ عالمی طاقتوں کی سازشوں سے افغانستان کی سالمیت و تحفظ اور تاریخ کی بے مثال قربانیوں لاکھوں کی شہادت کے بچانے اور افغانستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے اس وقت کی بیرونی طاقتوں سے ملک کی آزادی کے لئے برسرپیکار قوتوں کا اتحاد لازمی ہے ورنہ دشمن کے منصوبے کامیاب ہوکر تاریخی کامیابی اور فتح کو شکست میں تبدیل کر دیں گے اور انتشار اور اختلاف کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔

مولانا سمیع الحق کے تائیدی اعلان کے ساتھ ہزاروں کا مجمع خوشی سے اللہ اکبر کے نعرے بلند کرنے لگا، تقریب میں افغانستان کے سینکڑوں مقتدر علماءاور اہل حل وعقد بھی موجود تھے، استاد المجاہدین ڈاکٹر مولانا شیر علی شاہ نے بھی تفصیلی خطاب کیا اور تمام فضلاء حقانیہ اور افغانستان کے علماءسے مطالبہ کیا کہ وہ سب ملک کر سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور نئے امیر ملا اختر منصور کی امارت پر متفق ہوکر ملک کی آزادی اور اسلام کے نفاذ کے مقدس مشن کو تکمیل تک پہنچائیں، تقریب میں ملا محمد عمر مجاہدمرحوم کے رفع درجات کے لئے قرآن پاک کے ختم سے ایصال ثواب کیا گیا۔ او رعظیم جہادی رہنما مولانا جلال الدین حقانی کی مکمل صحت یابی کےلئے دعائیں مولانا سمیع الحق نے کرائی۔ مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ میں ملا محمد عمر کا شمار خالد بن ولید، سلطان صلاح الدین ایوبی اور ٹیپو سلطان جیسے مسلم قابل فخر کمانڈروں میں ہوگا۔ مولانا سمیع الحق نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی تمام توجہ حصول علم پر مرکوز کر دیں اور اپنے اندر ایثار، قربانی، ہمدردی کی صفات پیدا کریں، تقریب سے جامعہ حقانیہ کے نائب مہتمم اور وفاق المدارس العربیہ کے نائب صدر مولانا انوار الحق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ جامعہ حقانیہ کی بے مثال مقبولیت اس کے بانی مولانا عبدالحق ؒ اوردیگر مشائخ کے اخلاص اور للہیت کا ثمرہ ہے۔ تقریب میں جامعہ کے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button