علامہ عارف حسینی کے افکار کا احیاء ملت کے اندرونی و بیرونی مسائل کا حل ہے، مدارس جعفریہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مدارس جعفریہ پاکستان کا ایک اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت رکن مجلس نظارت علامہ ناظم رضا عترتی نے کی۔ اجلاس میں صدر علامہ سیّد حُسین نجفی اور سیکرٹری جنرل مولانا حسنین عارف کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے بھی شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مدارس جعفریہ پاکستان علامہ سید حُسین نجفی نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حُسین الحُسینی کے افکار کا احیاء و ترویج ملت تشیع پاکستان کے اندرونی و بیرونی مسائل کا حل ہے، شہید قائد کی بصیرت اور دور اندیشی کی وجہ سے اس وقت سے جاری وحدت کی لہر کی وجہ سے تکفیریت کا مقابلہ کرنے میں بہت مدد ملی ہے، شہید قائد نے شیعہ سنی اتحاد کا نہ صرف نعرہ لگایا بلکہ عملی طور پر اس کے خدوخال واضح کئے، آج بھی ہر مکتبہ فکر کے اکابرین شہید حُسینی کو یاد کرتے ہیں، شہید قائد کی اندرونی و بیرونی معاملہ فہمی نے ملت کو اس وقت بھی پارہ پارہ ہونے سے بچایا، آج ذمہ داران کو اسی معاملہ فہمی اور شرحِ صدر کا مظاہرہ کرنا چاہیے، تاکہ ملت تشیع پاکستان اس خواب کی تکمیل کرسکے جو شہید اور ان کے رفقاء نے امام خمینی رہ کی پیروی میں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ شہید کے قتل میں عالمی استعمار اور اس کے گماشتے شامل تھے، جو ایک طرف پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد برداشت نہیں کر پا رہے تھے اور دوسری طرف امت مسلمہ کے مسائل میں پاکستانی ملت تشیع کے کردار سے بھی پریشان تھے، عالم اسلام اس وقت جن مسائل کا شکار ہے، اس کے لئے امام راحل امام خمینی رہ کی تدبیر اور شہید حُسینی کی سی ولولہ انگیز قیادت درکار ہے، جو ہر سانس اپنے رہبر کے مطیع رہے اور ہر وقت اسلامِ نابِ محمدی کے لئے سینہ سپر رہے۔ اجلاس کے آخر میں شہید قائد اور تمام شہدائے ملت تشیع کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔