قصور واقعہ کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے، علامہ سبطین سبزواری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ )شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے قصور میں بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو معاشرتی بے راہروی اور ریاستی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے متاثرین کو انصاف اور تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے زیادتی کا شکار ہونے والے بچوں کے خاندان سے قصور کے گاوں حسین خانوالہ میں اظہار ہمدردی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ علامہ عبدالرزاق علوی، فرزند علی چھچھر، علی قاسمی، شہباز حیدر نقوی، نعیم عباس شمسی اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ علامہ سبطین سبزواری نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار ملزمان کو قرار واقعی سزا دے کر معاشرے میں عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں زیادتی کے ویڈیو سکینڈل نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں۔ ایسے ملزمان سے کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے ایسے ناسوروں نے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کیا ہے، ہر شخص سوال کرتا ہے کہ گنڈا سنگھ بارڈر جیسے حساس علاقے میں یہ جرائم ایک عرصے سے جاری ہیں اور ہمارے خفیہ اداروں کو اس کی خبر ہوئی اور نہ ہی پولیس نے اپنی ذمہ داری پوری کی۔ حتٰی کہ رشوت لے کر معاملے کو دبانے کی کوشش بھی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کو بھی مسلم لیگ نون کے ایم پی اے اور مقامی قیادت سے اس کی باز پرس کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی اور معاشرتی اقدار کی پائمالی کرنے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کے خلاف مقدمات کا اندراج ہی کافی نہیں، انہیں سزا دلوانا بھی حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے، اگر نوٹس نہ لیا گیا تو ایسے واقعات مزید ہوسکتے ہیں۔ مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔