دھمکیوں کے باوجود شجاع خانزادہ کو سکیورٹی نہ ملنے کی تحقیقات ہونی چاہیں، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی اور سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری نے وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت پر اظہار افسوس اور ان کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دھمکیاں ملنے کے باوجود سکیورٹی کے انتظامات نہ ہونے کی تحقیقات کی جانی چاہیں۔ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں طلباء سے خطاب میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت سے قوم ایک بہادر سیاسی رہنما سے محروم ہوگئی ہے لیکن دہشت گردوں کے خلاف جاری جہاد میں کمی نہیں ہوگی، حوصلے مزید بلند ہوں گے، سیاسی اور عسکری قیادت یکسوئی سے ان ناسوروں کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت قومی المیہ ہے لیکن انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کو اب پتہ چل چکا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان خلاف متحد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہادت مومن کے لئے سعادت ہے، چونکہ موت برحق ہے اور ہر انسان نے اس دنیا سے چلے جانا ہے لیکن اگر یہ جان، وطن عزیز پاکستان اور قوم کی حفاظت اور دین مبین اسلام کی عزت و وقار اور سربلندی کے لئے قربان کی جائے تو اس سے زیادہ سعادت کوئی نہیں۔ آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ فوج کے کامیاب آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، آخری سانسیں لیتے دہشت گردوں نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کروانے والے وزیر کو اپنے راستے سے ہٹا دیا ہے، مگر قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، عزم اور حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن لانے اور آئندہ نسلوں کو امن و انصاف دینے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔