سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم کیئے جائیں، وزیر اعظم نواز شریف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کےخلاف ہے اور اس کی حمایت تمام جماعتوں نے کی تھی۔
وزیراعظم نواز شریف جمعرات یعنی کل صبح کراچی پہنچے جہاں انہوں گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے علاوہ ایٹمی بجلی گھر کے ٹو اور پارسی برادری کی تقریب سے بھی خطاب کیا.
اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن اتفاق رائے سے شروع کیا گیا تھا، کراچی آپریشن پر تاجر برادری، میڈیا اور سول سوسائٹی نے بھی اتفاق کیا، آپریشن کو دو سال ہوگئے ہیں۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، گورنر سندھ عشرت العباد، وزیر داخلہ انور سیال، کور کمانڈر کراچی نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز سے متعلق سپریم کورٹ کی رہنمائی موجود ہے۔
نواز شریف نے ہدایت کی کہ تمام جماعتوں سے عسکری ونگ ختم کیے جائیں۔
انہوں نے پولیس، رینجرز اور انتظامیہ کو کراچی میں حالات میں بہتری پر مبارکباد دی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں تقریباً ختم ہو چکی ہیں، کراچی آپریشن کو ہر صورت کامیاب بنانا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دی جانے والی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مکمل حمایت کرتے ہیں کے سیاسی” جماعتوں کے عسکری ونگ مکمل تباہ کیئے جائیں، مگر ساتھ ہی کراچی میں موجود عسکری کالعدم جماعتوں مثلاً سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی، جیش محمد، طالبان اور دیگر دہشتگرد گروپ کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو ہدایات جاری کرنے چاہیئے تھی اور انکا مکمل خاتمہ کرنے کا بھی اعلان کیا جانا تھا۔” (ادارہ)