Uncategorized

وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں، بین المذاہب کمیٹی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) ملک بھر میں جاری افواج پاکستان کا ضرب عضب آپریشن دہشت گردوں کے خلاف جاری رہنا چاہیے، پاکستان کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ امن اور رواداری کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ موجودہ حالات میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بین المذاہب امن کمیٹی پنجاب کے چیئرمین پیر محمد ابراہیم سیالوی، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مولانا حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا ریاض احمد کھرل، مرکزی رہنما جمیعت علماء پاکستان مفتی محمد نصراللہ کھرل، قاضی فیض رسول رضوی، محمد عظیم رندھاوا، بھگت لال اور دیگر مذہبی رہنماؤں قاضی غلام مرتضٰی، مولانا محمد حسین چنیوٹی، قاری محمد ایوب، مولانا نعیم الدین، حافظ عبدالروف، جمیل فخری، سید نورالحسن علی شاہ، پیرزادہ اقبال حسین و دیگر علماء کرام نے کلیہ اہل بیت چنیوٹ میں بین المذاہب امن کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ امن سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن استحکام کے لیے پاک افواج اور پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ضرب عضب آپریشن کی کامیابی پر جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری قوم وطن کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ اٹک میں صوبائی وزیر داخلہ کے گھر پر خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے چنیوٹ میں مختلف مدارس میں امن سمینار کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ شدت پسندی کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ علماء کرام نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں اور ملک کے امن کے لئے اپنے تمام تر فروعی اختلافات بھلا دیں اور اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ پیش کریں۔ سیمینار کے اختتام پر ملک کی سلامتی کے لئے دعا بھی کرائی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button