Uncategorized

پنجاب میں کالعدم جماعتوں کیخلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیو ز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ جیت رہی ہے، الیکشن ٹریبونل کے فیصلے سے جوڈیشل کمیشن رپورٹ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، افغانستان سے پاکستانی فوجی چوکی پر حملہ قابل مذمت ہے، بھارت نے پنگا لیا تو کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے، رینجرز آپریشن پنجاب میں بھی ہونا چاہیئے، نیب اور ایف آئی اے کے خلاف سندھ حکومت کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیلئے اگلے چھے ماہ بھاری ثابت ہونگے، سنگین بے ضابطگیاں کرنیوالے الیکشن کمیشن کے عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بھارت ایک بار پھر مذاکرات کی میز سے بھاگ گیا ہے۔ کشمیری حریت رہنماؤں کی گرفتاریاں اور نظر بندیاں بھارت کا ریاستی ظلم ہے۔ پنجاب میں بھی کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سنی اتحاد کونسل کی یوتھ ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ برسوں بعد سکون پانے والے اہلیان کراچی آپریشن کے زبردست حامی ہیں۔ پی پی پی اور نون لیگ نے مک مکا کرکے عوام کے خلاف اتحاد کر رکھا ہے۔ پرامن بلوچستان کی منزل پانے کیلئے سیاسی قوتیں پاک فوج کا ساتھ دیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔ مسئلہ کشمیر پر حکومت کو اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے۔ چمن اور طور خم کے بارڈر دہشت گردوں کی آمد کے محفوظ راستے ہیں۔ پاک افغان بارڈر کو خار دار تار لگا کر سیل کیا جائے۔ ملک میں قیام امن کیلئے پاک فوج نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے قوم کو سر اٹھا کر جینے کا ہنر سکھا دیا ہے۔ الیکشن ٹریبونل کے تازہ فیصلے سے تحریک انصاف کو اخلاقی و سیاسی برتری مل گئی ہے۔ ایاز صادق کو فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کے بجائے عوام کے پاس جانا چاہیئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button