آئی ایس او کا سالانہ کنونشن علی رضا آباد مرقد شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی پر منعقد ہوگا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں مرکزی صدر تہور حیدری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سالانہ مرکزی کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین کنونشن علی مہدی نے مرکزی صدر کو کنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علی مہدی کا کہنا تھا کہ تین روزہ کنونشن کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ امسال بھی کنونشن تنظیم کے بانی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد علی رضا آباد لاہور میں منعقد ہوگا۔ اس موقع پر مرکزی صدر نے کنونشن کے حوالے سے تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ 2 اکتوبر سے آئی ایس او کا 44واں کنونشن پوری آب و تاب سے شروع ہوگا۔ کنونشن کے اہم پروگرامات میں جوان امید پاکستان کانفرنس ہوگی، سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خاکہ جات بھی پیش کئے جائیں گے۔ کنونشن کے آخری روز استحکام پاکستان ریلی بھی منعقد ہوگی، جس میں ہزاروں نوجوان شریک ہو کر جذبہ حب الوطنی کا فقید المثال مظاہرہ کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی کابینہ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔