پاکستانی شیعہ خبریں
دہشتگردوں، مافیا اور بدعنوانوں کے درمیان شیطانی گٹھ جوڑ توڑا جائے،آرمی چیف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے کیسز جلد نمٹانے کیلئے فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی، آرمی چیف نے کراچی کو دہشتگردی سے پاک اور پُرامن بنانے کیلئے دہشت گردوں، جرائم پیشہ مافیا، بدعنوانوں اور مجرموں کے درمیان شیطانی گٹھ جوڑ توڑنے اور ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھنے کا بھی حکم دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شہر قائد میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کور فائیو ہیڈکواٹرز میں ہوا، اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹننت جنرل نوید مختار، چیف سیکریٹری سندھ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔