کرپشن کے خلاف احتسابی عمل رک گیا تو ملک و قوم کی بدقسمتی ہوگی،حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل ’’نیشنل ایکشن پلان بچاؤ، دہشت گردی مکاؤ، کرپشن مٹاؤ مہم‘‘ چلائے گی، قومی دولت لوٹنے والوں کا کڑا احتساب قوم کی متفقہ آواز ہے، قوم احتسابی عمل اور کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرے گی۔ احتساب کا عمل پنجاب میں بھی شروع کیا جائے۔ نون لیگ کے وزراء کے کالعدم تنظیموں سے رابطوں پر ایکشن کیوں نہیں لیا جاتا، سیاست دان کرپشن کے خلاف مہم کو متنازعہ نہ بنائیں، کرپشن کے خلاف فوج کی مہم پر قوم مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مہاجر کارڈ اور سندھ کارڈ کی سیاست نہیں چلے گی، رانا مشہود کے خلاف کارروائی کی جائے، چاروں صوبائی الیکشن کمشنر کے استعفوں تک ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مفتی محمد سعید رضوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف احتسابی عمل رک گیا تو ملک و قوم کی بدقسمتی ہوگی، بلاول ہاؤس اور رائیونڈ ہاؤس بھی احتساب کی زد میں لائے جائیں، منی لانڈرنگ کے اعترافی بیان پر اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے، نون لیگ ناکام لیگ بن چکی ہے، ڈاکٹر عاصم ہوں یا رانا مشہود احتساب سب کا ہونا چاہیئے، کرپشن کے خلاف کارروائی کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، معاشی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ملکی مفاد میں ہے، کرپشن کے خلاف ایکشن پلان اور مضبوط سسٹم کی ضرورت ہے، نیشنل ایکشن پلان کا دائرہ کار کرپشن کے معاملات تک بڑھانا ملک کے فائدے میں ہے، مضبوط احتسابی نظام کے بغیر کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں، احتساب کا موجودہ نظام غیر مؤثر اور بیکار ہے۔ وفد میں علامہ حامد سرفراز، مفتی محمد رمضان جامی، مفتی محمد لیاقت علی، علامہ غلام عثمان غنی، مولانا محمد منور حسین رضوی بھی شامل تھے۔