آئی ایس او کے سالانہ کنوینش کی تیاریاں شروع کردی گئیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساںا دارہ)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سالانہ تین روزہ ”ولایت نور ہدایت کنونشن” دو تین چار اکتوبر کو شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر منعقد ہو گا، جس کی تشہیری مہم شروع کر دی گئی ہے، یونٹس اور ڈویژن میں پوسٹر لیپنگ اور وال چاکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین کنونشن علی مہدی نے مرکزی دفتر لاہور میں کنونشن مانیٹرنگ ہیڈ کوارٹرز میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلباء شریک ہوں گے، اس حوالے سے رابطہ و تشہیری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی تمام ڈویژنز میں پوسٹرز، دعوت نامے اور بروشرز بھجوا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس او پاکستان کے کارکنان دوران تعلیم، تعلیمی اداروں میں اسلامی اقدار کے پاسبان جبکہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، کنونشن کے انتظامی و تنظیمی امور کی نگرانی کے لئے چیئرمین کنونشن کے ہمراہ ان کی ٹیم دن رات سرگرم عمل ہے، ملک بھر میں رابطہ مہم بالخصوص تشہیری مہم کے تمام مراحل کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ تین روزہ کنونشن میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے انتظامی امور کے حوالے سے خصوصی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ چیئرمین کنونشن کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کا سالانہ کنونشن کارکنان کے جوش و جذبہ میں اضافہ کرے گا۔