عشرہ کرامت میں حرم امام رضا (ع) کے وفد کی پاکستان آمد
یکم ذیقعد ولادت حضرت فاطمہ معصومہ (ع) اور گیارہ ذیقعدہ شاہ خراسان امام رضا (ع) کی ولادت باسعادت ہے۔ ان ایام کو عشرہ کرامت کے نام سے منایا جاتا ہے۔ آستان قدس رضوی کی طرف سے ہر سال دنیا کے مختلف ممالک میں خادمین حرم پر مشتمل وفود بھیجے جاتے ہیں تاکہ مختلف مقامات پر ان ذوات مقدسہ کی ولادت کا جشن منایا جاسکے اور سیرت امام رضا (ع) کے مختلف گوشوں کو بیان کیا جا سکے۔ وفد حرم امام رضا (ع) کے تبرکات کے علاوہ حرم مبارک کا علم پاک بھی ساتھ لاتے ہیں تاکہ مؤمنین کرام عطر رضوی سے اپنے آپ کو معطر کر سکیں۔
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی یہ وفد پاکستان آیا، جس میں بین الاقوامی قاری، خادم حرم آقای حق پناہ، مبلغ کارواں حجۃ الاسلام والمسلمین آقای نظافت، ڈاکٹر محمد حسین وکیلیان اور آقای مہدی عسکری شامل تھے۔ پاکستان میں وفد کی میزبانی جامعۃ المصطفی العالمیہ نے کی۔ وفد کی راہنمائی اور مختلف شہروں میں عظیم الشان جشن کی محفلوں کا اہتمام کروانے کی سعادت مدیر جامعۃ المصطفی العالمیہ اسلام آباد حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا انیس الحسنین کو حاصل ہوئی، انہوں نے پاکستان کے مختلف شہروں میں علماء کرام، آئمہ جمعہ و جماعت اور مقامی انجمنوں کے تعاون سے بہترین محافل کا اہتمام کروایا۔
جامعۃ الزھراء اسلام آباد:
ولادت باسعادت امام علی رضا (ع) کے ایام میں جامعۃ الزھراء اسلام آباد میں حرم امام رضا (ع) سے آئے ہوئے وفد کو دعوت دی گئی۔ جامعۃ الزھراء کے پرنسپل اور معلمات کے علاوہ جامعہ کی خواھران کی بڑی تعداد شریک تھی اس تقریب میں قاری حرم نے خوبصورت آواز میں تلاوت کی اور حجۃ الاسلام آقای نظافت نے سیرت امام رضا (ع) کے حوالے سے پر مغز گفتگو کی اور بعد ازاں علم کی زیارت کروائی گئی۔
مسجد امام علیؑ بارہ کہو اسلام آباد:
جامعۃ الرضا بارہ کہو اسلام آباد کی طرف سے مقامی انجمن کے تعاون سے شب ولادت امام رضا (ع) ایک جشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں جامعۃ الرضا (ع) کے اساتذہ اور طلاب اور مقامی مؤمنین نے شرکت کی۔ مولانا ساجد علی سبحانی اور ڈاکٹر حسنین نادر نے وفد کا استقبال کیا۔ تقریب سے حجۃ الاسلام انیس الحسنین نے خطاب کیا اور قاری حرم نے تلاوت کی سعادت حاصل کی۔