چہلم امام حسین (ع) کے باعث بلدیاتی الیکشن کی تاریخ بدلی جائے، ناصر شیرازی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ جب تک دہشت گردوں کو سہولیات فراہم کرنے والوں کوسزائیں نہیں ملیں گی تب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ سانحہ شکارپور کے بعد حکومت کو پیش کردہ 21نکاتی مطالبات پرتاحال سندھ حکومت نے عملدرآمد نہیں کیا جس کی وجہ سے شہداء کے ورثا مایوسی کا شکار ہیں۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدارس کی نگرانی اچھا عمل ہے اورمدارس کسی بھی فرقے کے ہوں ان سے متعلق معلومات دینے میں کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے ۔مختلف سوالات کے جواب میں ناصر شیرازی نے کہا کہ حکومت کو ڈھائی برس قبل بلدیاتی انتخابات کرانے چاہیے تھے تاہم حکومت عدالتی دبائو کے باعث انتخابات کرانے پر مجبور ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعینات کردہ آر اوز کو غیر جانبداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، مجلس وحدت مسلمین سندھ بھر میں اپنے امیدوار کھڑے کریگی جبکہ ضلعی سطح پربننے والے اتحاد کوبھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرے کیونکہ انتخابات کے دوران چہلم کے ایام آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقص انتظامات اور وی آئی پی پروٹوکول کے باعث منیٰ سانحہ پیش آیا،جس پر امت مسلمہ کو شدید تشویش ہے، واقعے میں ملوث ذمے داران کو سزا ملنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے عالم اسلام کے تمام ممالک کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر انتظامات کمیٹی کے حوالے کیے جائیں کیونکہ حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمے داری صرف سعودی حکمرانوں کی نہیں بلکہ دیگر مسلم ممالک کی بھی ہے۔