پاکستان کو داعش سے محفوظ بنانے کیلئے سخت اقدامات کرنے ہونگے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو داعش جیسی دہشتگرد تنظیم سے محفوظ بنانے کیلئے سخت اقدامات کرنے ہونگے، دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، یہ انسانیت کے دشمن ہیں، ملک دشمن دہشتگردوں سے پوری طاقت سے نمٹنا ہوگا، ضرب عضب آپریشن کے ذریعے داعش کے سائے کو بھی بھٹکنے نہ دیا جائے، تکفیری گروہ داعش کی حمایت کرنیوالوں کو بھی قانون کی گرفت میں لیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارت کو مذاکرات سے بھاگنے کا موقع نہیں دینا چاہیے، پاکستان نے چار نکاتی امن فارمولا پیش کرکے بھارت کی نیندیں اڑا دی ہیں، بھارت حقائق کو چھپانے کیلئے دہشتگردی کا شور مچا رہا ہے، پاکستان میں دہشتگردی بھارتی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہد سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، مذاکرات کی میز سے بھاگنے والا ہی چور ہوتا ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور عالم اسلام کیلئے واحد ایٹمی قوت یافتہ ملک ہے، ملک کے عوام اسلام کے قلعے کو مضبوط و پائیدار بنانے اور ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں