Uncategorized

حکومتی پالیسیوں سے شیعہ دشمنی کا تاثر ابھر رہا ہے،علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے محرم الحرام سے پہلے پولیس کی طرف سے مختلف اضلاع میں مجالس میں بلاجواز رکاوٹیں پیدا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومتی پالیسیوں سے شیعہ دشمنی کا تاثر ابھر رہا ہے، جو کہ اشتعال انگیزی کا باعث بن سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنا عرصہ اقتدار پورا کرے اور جمہوری عمل چلتا رہے، پیدا شدہ منفی تاثر کو دور کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ضلع وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات اور دیگر اضلاع میں پولیس کی طرف سے عزاداری کے صدیوں پرانے جلوسوں اور مجالس عزا کیخلاف کارروائیاں افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ملت جعفریہ کو عزاداری کا حق دیتا ہے، اس سے ہم دستبردار نہیں ہوں گے، ہماری شہادتوں کی تاریخ پرانی ہے، ہم موت سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ظلم سے ٹکرانا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی کو عزاداری کیخلاف پالیسیاں بنانے کی جرات نہیں ہوئی، یہ صرف پنجاب حکومت ہی ہے جو شیعہ مخالف اقدامات پر اترتی نظر آ رہی ہے، لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ عزاداری کے جلوسوں کے روٹ اور شیڈو ل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، اس حوالے سے لائحہ عمل کی تیاری کیلئے مشاورت جاری ہے، راست اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ بہترین چیف ایگزیکٹو کے طور پر مشہور وزیر اعلٰی شہباز شریف کی ڈی پی اوز پر گرفت نہیں رہی، ورنہ ایسے اقدامات نہ ہوتے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ڈی پی او گجرات کہتا ہے کہ مجالس اور جلوسوں میں عزاداروں کی شرکت بائیو میٹرک سسٹم سے ہو گی۔ ڈی پی او وہاڑی بانیان مجالس سے شورٹی بانڈ ز پر کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہا ہے جبکہ ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ چک نمبر 318 گ۔ ب میں جلوس کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر کے اپنی شیعہ دشمنی کا اظہار کر رہا ہے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات رہے ہیں، مگر افسوس کہ اسی کی حکومت کے دوران عزاداری میں رکاوٹیں بھی پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عرصہ قتدار پورا کرے، جمہوری عمل چلتا رہنا چاہیے، پنجاب میں شیعہ مخالفت کا جو تاثر ابھر رہا ہے اسے زائل کرنا اب وزیر اعلٰی پنجاب اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ذمہ داری ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button