عزاداری کو محدود کرنے کی سازشیں، علامہ حسن ظفر نقوی پنجاب حکومت پر برس پڑے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عزاداری کو محدود کرنے کی کسی بھی مہم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے دہشتگردوں کے سیاسی سرپرستوں اور سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، حکومت لاپتہ اور شہید ہونیوالے حجاج کے بارے میں صحیح معلومات عوام تک نہیں پہنچا رہی، حجاج کے لواحقین اپنے پیاروں کے انتظار میں دن رات خون کے آنسو بہا رہے ہیں، سعودی عرب میں موجود پاکستانی حج مشن، سفارت کار، وزارت مذہبی امور کی بد انتظامی اور حکومت نااہلی کیخلاف اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے لاہور میں معروف عالم دین علامہ حافظ کفایت حسین مرحوم کے فرزند آغا حسن مہدی کی برسی پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آغا حسن مہدی مرحوم کی برسی میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ محمد اقبال کامرانی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوُں نے شرکت کی۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عزاداری سید شہداء اور عزاداروں کیخلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے، عزاداری کو محدود کرنے کی کسی بھی مہم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے دہشتگردوں کے سیاسی سرپرستوں اور سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، ملت جعفریہ پاکستان میں دہشتگردی کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق ہے، ہم نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں، لیکن ملکی سلامتی و بقا کیخلاف ہر سازش کا ہمیشہ ثابت قدمی سے مقابلہ کیا، آج بیلنس پالیسی کے تحت قاتل اور مقتول کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے کا عمل دراصل آپریشن کے اصل ہدف سے رخ موڑنے کی سازش ہے، پنجاب میں ملت جعفریہ کیخلاف ایک منظم سازش کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی جہاں بھی حکومت ہے وہاں ملت جعفریہ کیخلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔