آئی ایس او کے نومنتخب مرکزی صدر علی مہدی کی علامہ نیاز نقوی سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نومنتخب مرکزی صدر علی مہدی نے اپنی تنظیمی مصروفیات کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے جامعتہ المنتظر لاہور میں وفاق المدارس شیعہ کے نائب صدر اور جامعتہ المنتظر کے پرنسپل علامہ قاضی نیاز نقوی سے ملاقات کی اور باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر قاضی نیاز نقوی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کے مرکزی مسئولیت کی ذمہ داری ایک اہم اور بڑی ذمہ داری ہے، یہ خدا کا لطف و کرم ہے کہ آپ پر یہ عنایت ہوئی، اب یہ آپ پر منحصر ہے آپ ملت کے باشعور طلبا کے تربیت کیلئے کیا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف اور صرف خدا کی رضا کیلئے کام کریں، امام خمینیؒ، رہبر معظم اور علامہ صفدر نجفی مرحوم نے بھی ہمیشہ خدا کی خوشنودی کی کیلئے ملت تشیع کی خدمت کی۔ مرکزی صدر علی مہدی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیع دی ہے، آئندہ بھی قومی مفادات کیلئے ہی جدوجہد کی جائے گی۔ علی مہدی نے کہا کہ آئی ایس او طلباء کی بہتر تربیت کیلئے مصروف عمل ہے اور اس میدان میں علماء کی شفقت بھی آئی ایس او کے شامل حال رہی ہے، ہم امید رکھتے ہیں کہ علماء اسی طرح آئی ایس او کی سرپرستی کرتے رہیں گے۔