کوئٹہ، محرم الحرام کی سکیورٹی سے متعلق آئی جی ایف سی کی زیر صدارت اجلاس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، اعلٰی پولیس افسران، سول انتظامیہ کے اعلٰی افسران اور تاجر نمائندوں کا ایک اجلاس آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن کی زیرصدارت ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس منظور سرور، ڈی آئی جی پولیس امتیاز شاہ، میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نور احمد سومرو، ڈی سی کوئٹہ داؤد خان خلجی، ایم پی اے سید محمد رضا، عبدالقیوم چنگیزی، سید مسرت حسین، علامہ جمعہ اسدی، محمد علی شان، ڈاکٹر عطاءالرحمان، مولانا عبداللہ خلجی، مولانا انوار الحق، سردار اقبال خلجی، علامہ مختار حبیبی، حضرت علی اچکزئی اور یاسین مینگل نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو ایڈیشنل آئی جی پولیس منظور سرور اور کمانڈنٹ غزہ بند سکاؤٹس فرنٹیئر کور کرنل سجاد نے محرم الحرام کی سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جن پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے اس بات پر ضرور دیا کہ اتحاد بین المسلمین، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کے سلسلے میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں۔ تعصب کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کیا جائے۔ اس کے علاوہ اشتعال انگیز تقریروں اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال سے بچتے ہوئے ایک دوسرے کے جذبات کو مجروح کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ اور گڑبڑ پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہا جائے۔ انکی بروقت نشاندہی کی جائے، تاکہ ایسے عناصر اور شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ پولیس اور ایف سی اس سلسلے میں بلا خوف اور امتیاز کے کارروائی کرے گی۔
اجلاس میں اس امر پر اتفاق رائے پایا گیا کہ کوئٹہ شہر میں کوئی فرقہ واریت نہیں اور باہر سے کچھ شرپسند اور امن دشمن عناصر آکر اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرنے کیلئے فرقہ واریت کے نام پر قتل و غارت گری کررہے ہیں۔ جس کو روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ کسی کو بھی اسلحہ اور ہتھیار رکھنے یا اُس کی نمائش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام فرقوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے، جو عاشورہ کے جلوس کا انتظام بہتر طریقے سے سنبھال سکے۔ اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کرے۔ اجلاس میں آئی جی ایف سی نے شیعہ اور سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ مذہبی رواداری اور ایثار کے جذبے کو پروان چڑھائیں تاکہ کوئٹہ کے امن کو مستقل بنیادوں پر قائم کیا جاسکے۔ اجلاس کے شرکاء نے ایف سی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔