واقعہ کربلا کے اثرات یزید کے گھر سے شروع ہوئے، ڈاکٹر محمد علی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فیصل آباد میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے شعبہ اسلامیات کے زیرِاہتمام سیمینار اور محفل مسالمہ کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر اسحق قریشی ڈائریکٹر نعت اکیڈمی نے کی، جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی تھے۔ شعراء میں ڈاکٹر اصغر بلوچ، کوثر علی کوثر، امجد علی رازی، ریاض احمد قادری، شہباز خاور، منظور ثاقب شامل تھے۔ ڈاکٹر رفیق نے کہا کہ دنیا میں عام نظریہ یہی رہا ہے کہ طاقت حق ہے، امام حسین علیہ السلام نے پیغام دیا کہ طاقت حق نہیں، بلکہ حق طاقت ہے۔ طاہر اقبال ڈپٹی ڈائریکٹر نعمت اکیڈمی لاہور نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ واقعہ کربلا کا تعلق ہماری تہذیب سے ہے، جس نے ہماری زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کیا ہے، یزید چار سال حکمران رہا، لیکن کوئی تاریخ دان اسے حکمران نہیں مانتا۔ انکا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام اگر سر جھکا دیتے، تو قیامت تک کوئی سر نہ اٹھتا، امام حسین علیہ السلام روئے، نہ انہوں نے اﷲ سے گلہ کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی انسان کو لیڈرشپ کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہو گی، وہ امام حسین علیہ السلام کو دیکھے گا، جنہوں نے بنی نوع انسان کو جینا اور مرنا سکھا دیا، واقعہ کربلا کے اثرات یزید کے گھر سے شروع ہوئے۔