ڈی آئی خان، سنگینوں کے سائے میں مجالس و عزاداری کا سلسلہ جاری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) محرم الحرام کے ایام میں ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی خدشات کی بناء پر ریت کے بلاکس کھڑے کرکے رکاوٹیں بنا دی گئی ہیں۔ مختلف عوامی مقامات اور پولیس وین پر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطہ کرنے کیلئے کنٹرول روم اور پولیس دفاتر کے نمبر بھی دیدیئے گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان خیبر پختونخوا کے تین حساس ترین اضلاع میں شامل ہے۔ یہاں سکیورٹی کے انتظامات دیگر اضلاع کی نسبت انتہائی سخت کئے گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہر کو جانے والی گلیوں میں ناکہ بندی کرکے سکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو بھی بند کرکے ون وے کردیا گیا ہے، جبکہ چوکیوں کے درمیان میں رابطے میں مناسب سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔ افغان مہاجرین کا ڈیرہ شہر میں داخلہ ممنوع ہے۔ کسی بھی شہری کو شہر میں شناختی کارڈ کے بغیر گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں۔ محرم الحرام کے حوالے سے برپا ہونے والی مجالس اور عزاداری کے راستے میں آنیوالے تمام بالاخانے بھی سکیورٹی خدشات کی بناء پر خالی کرا لئے گئے ہیں، جبکہ مجالس و عزاداری کے اجتماعات، امام بارگاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، سنگینوں اور بندوقوں کے سائے میں ہونے والے مجالس و ماتم داری کے اجتماعات میں جوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں، بچوں اور خواتین کی کثیر تعداد شریک شرکت کرتی ہے۔ مجالس کے آغاز سے قبل پولیس بم ڈسپوزل سکواڈ کی چیکنگ بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔ مجالس کے شرکاء کو تلاشی کے سخت عمل کے بعد مجالس میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کا گشت بھی شروع ہے۔