آئی ایس او نے رواں سال کو معرفت و بصیرت کے نام سے منانے کا اعلان کردیا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے تنظیم کے مرکزی دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او رواں سال کو معرفت و بصیرت کے نام سے منائے گی۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ اسلام کا مطالعہ کیا جائے تو جس چیز نے اسلام کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے وہ بصیرت کا فقدان ہے، عصر حاضر میں رہبر معظم سید علی خامنہ ٰ ای نے بصیرت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دین کے دفاع میں انسان کیلئے دوسری چیزوں سے زیادہ بصیرت لازمی ہے، چنانچہ ابن زیاد کے لشکر میں بہت سے ایسے تھے جو فاسق و فاجر تو نہ تھے مگر بے بصیرت تھے اس لئے بصیرت کی اہمیت کو گردانتے ہوئے آئی ایس او پاکستان نے رواں سال کو معرفت و بصیرت کے نام سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے سال بھر معرفت و بصیرت سے آگاہی کیلئے اور نوجوان نسل میں اس خوبی کی ترویج کیلئے کانفرنسز و سیمینارز منعقد کئے جائیں گے تاکہ امامیہ نوجوان جوش و جذبہ کیساتھ ساتھ بصیرت کیساتھ اپنے امور کی انجام دہی کر سکیں۔ انہوں نے بصیرت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں ہم ایسے وقت میں دشمن کے عزائم کیخلاف نبردآزما ہیں کہ جب پاکستان و اسلام دشمنوں کیخلاف پاک افواج ضرب عضب آپریشن میں مصروف ہیں اور لادین قوتیں ہماری یونیورسٹیز میں اسلام مخالف ایجنڈے پر کاربند ہیں تاکہ نوجوان نسل کو اسلامی ثقافت و اسلامی تعلیمات سے دور کیا جائے، ایسے میں اپنے حقیقی دشمن و دوست کی پہچان ناگزیر ہے، اس لئے نوجوان نسل کا خود شناس، معاشرہ شناس، دشمن شناس اور شجاع کیساتھ بابصیرت ہونا وقت کا تقاضا ہے۔