پاکستانی شیعہ خبریں

سندھ حکومت نے مجالس کے دوران لاؤڈ اسپیکر پر چھوٹ نہیں دی تو وزیراعلی ہاؤس پراحتجاج کریں گے، ایم ڈبلیو ایم

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکمرانوں کی جانب سے محرم الحرام اور عزاداری نواسہ رسولﷺ سید شہداء کیخلاف متعصبانہ کاروائیوں کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے،کراچی میں مرکزی مجلس عزاء نشتر پارک کے بعد ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے احتجاجی جلوس نمائش چورنگی تک نکالا گیا، جس میں صوبائی رہنماء علامہ مختار امامی، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ مبشر حسن، علامہ احسان دانش، علامہ صادق جعفری، علی حسین نقوی، رضا امام نقوی، میثم عابدی، رضوان پنجوانی، ناصر حسینی، صغیر عابد رضوی، روح اللہ مجلسی سمیت سینکڑوں کی تعداد میں عزاداران نے وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور عزاداری کو محدود کرنے، نیشنل ایکشن پلان کو خراب کرنے اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کو جواز بنا کر علماء کرام کو حراساں کئے جانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی عفریت کے خاتمے کے لئے بنایا گیا تھا، بدقسمتی سے ہمارے عاقبت نااندیش حکمران اسے محرم الحرام میں نواسہ رسولﷺ کے نہتے پرامن عزاداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں اور ان سے مذہبی آزادی جو پاکستان کے آئین و قانون نے ان کو دی ہے اسے سلب کررہے ہیں، جو ہمیں کسی بھی صورت قبول نہیں، ہم عزاداری سید شہداء کے بغیر زندگی کو موت پر ترجیح دیتے ہیں، سندھ و پنجاب کے حکمران ملت جعفریہ کیخلاف متعصبانہ کاروائیوں سے باز رہیں، ذاکرین اور علماء کی ضلع بندیاں قابل مذمت ہیں، اسے ہم ذکر محمد و آل محمد کے ساتھ دشمنی قرار دیتے ہیں، روائتی جلوس ہائے عزاء اور چار دیواری کے اندر خواتین کی مجالس پر ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، ایمپلی فائر ایکٹ سے عزاداری سید شہداء کو مستثنیٰ قرار دیا جائے، ہم لاکھوں کے اجتماعات کو لاؤڈ اسپیکر کے بغیر کنٹرول نہیں کر سکتے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس علامتی احتجاج کے بعد حکمران ہمیں اپنی آئینی و قانونی حق روکنے کی کوشش نہ کرے بصورت دیگر ملک بھر میں عزاداری کے مجالس و جلوس ہائے عزاء سڑکوں اور شاہراہوں پر ہونگے۔

علامہ عقیل موسیٰ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کس کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے، دہشت گردوں کے سرپرستوں اور داعش، النصرہ، بوکوحرام جیسے درندہ صفت گروہوں کے سرپرست بادشاہوں کے نظام کو ہم قائد اعظم کے پاکستان میں نافذ نہیں ہونے دینگے، عزاداری سید شہداء کے لئے ہم اپنی جانیں دینے کو تیار ہیں لیکن اس کیخلاف کسی بھی قدغن کو برادشت نہیں کریں گے، تاریخ گواہ ہے دنیا کا کوئی بھی ظالم و جابر آج تک نہ اس عزاداری کو روک سکا نہ عزاداران امام مظلوم رکنے دینگے۔ علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ عزاداری کے خلاف کسی کالے قانون کو نہیں مانتے، وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے مسلسل عزاداری کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، عزاداری کے خلاف سازشوں میں امریکہ و اسرائیل اور ان کے پٹھو سیاست دان ملوث ہیں۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے مجالس کے دوران لاؤڈ اسپیکر پر چھوٹ نہیں دی تو وزیر اعلی ہاؤس پراحتجاج کیا جائے گا، اگر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی جائے گی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button