سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، لشکر جھنگوی کا سابق سربراہ نعیم بخاری گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سکیورٹی فورسز نے کامیاب سرچ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ تکفیری گروہ لشکر جھنگوی کے سابق امیرتکفیری دہشتگرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ کراچی کے متعدد علاقوں گلشن معمار، ملیر سٹی، اتحاد ٹاون، فاہ عام سوسائٹی اور کھارادر میں سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ اسی آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے کالعدم لشکر جھنگوی کے سابق امیر تکفیری دہشتگرد عطاءالرحمن عرف نعیم بخاری کو گرفتار کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ نعیم بخاری کو گرفتاری کے بعد تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ملزم کراچی میں پولیس پر ہونے والے حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور کئی بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی چوہدری اسلم کے بنگلے پر دھماکے کا ماسٹر مائنڈ بھی نعیم بخاری بتایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ملزم صفورہ گوٹھ پر رینجرز اور یونیورسٹی روڑ پر ریلی کے دوران ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہے۔ ملزم دہشتگردی کے اہم ترین واقعات کا ذمہ دار ہے اور تحقیقات کے بعد اہم ترین انکشافات ہونے کی توقع ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی سامنے آگئی، تخریب کاریوں سے دہشت کا راج چلانے والا کالعدم تنظیم کا سابق سربراہ نعیم بخاری پکڑا گیا۔ ملزم بم بنانے کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔ بم دھماکے، دہشتگردی کا انتہائی بڑا نام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے چھلاوا سمجھا جانے والا عطاءالرحمان عرف نعیم بخاری عرف ابو حارث عرف موٹا کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے پکڑا گیا۔ ذرائع کے مطابق نعیم بخاری محرم الحرام میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لئے چند روز قبل ہی کراچی پہنچا تھا۔ کالعدم لشکر جھنگوی کا سابق سربراہ نعیم بخاری سندھ پولیس کی ریڈ بک میں بارہویں نمبر پر ہے۔ ریڈ بک کے ہر ایڈیشن میں نعیم بخاری کا نام شامل رہا، ملزم کی زندہ و مردہ گرفتاری پر انعام بھی مقرر ہے۔ نعیم بخاری کراچی میں ہونے والی تمام بڑی دہشت گردی کی کارروائیوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھا، ملزم بم بنانے کا بھی ماہر سمجھا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نعیم بخاری کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا ہے