کربلا طاغوتی نظام سے ٹکرانے کا نام ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی معاون سیکرٹری سیاسیات علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عصر حاضر کی یزیدیت کے مقابلے کے لئے پیغام کربلا پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، کربلا حادثہ نہیں آئین زندگی ہے۔ کربلا طاغوتی نظام سے ٹکرانے کا نام ہے، عصر حاضر کی کربلا حسینیوں کو پکار رہی ہے۔ امام حسین عالی مقام انبیاء الٰہی کے وارث ہیں، اس لئے انہوں نے مشن انبیاء کی تکمیل کرتے ہوئے وقت کے فرعون اور نمرود سے ٹکر لی۔ مجلس عزاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے پیغام کربلا کا احیاء کرتے ہوئے شیطان بزرگ امریکہ اور یزید وقت اسرائیل سے ٹکر لی اور قرآن سنت پر مبنی الٰہی نظام قائم کیا۔ خمینی بت شکن نے عاشقان کربلا کو اسوہ حسینی پر چلنے کا راستہ دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا بھر میں معرکہ حق و باطل گرم ہے، حق و باطل کی اس جنگ میں ہم تماشائی نہیں، تماشائی بننا کوفیوں کا کردار ہے، ہم کربلائی ہیں اور اہل حق کے ساتھ ہیں۔ عصر حاضر کی کربلا میں ہم تماشائی نہیں بلکہ کربلائی کردار ادا کریں گے۔ حسینیت کی راہ میں ہم اپنے لہو کا نذرانہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری امام حسین ع ہماری شہ رگ حیات ہے، اس کی راہ میں رکاوٹ قبول نہیں۔ چودہ صدیوں سے ایثار اور قربانیاں دے کر عاشقان اہل بیت ع نے ذکر حسین ع کو زندہ رکھا ہے، نواز حکومت کی شیعہ دشمن پالیسیاں آل سعود کی غلامی کی عکاس ہیں۔ ان رکاوٹوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا دیں گے