خودکش حملوں کے ذریعے عزاداری سیدالشہداء ؑ کا راستہ نہیں روکا جاسکتا، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم عاشور کرنل مقبول مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہونے والے مرکزی ماتمی جلوس علم، ذوالجناح و تعزیہ میں راجہ بازار میں شرکت کے بعد فوارہ چوک پر موجود الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری سیدالشہداء ؑ حضرت امام حسین ؑ کی بقاء اور فروغ کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ دہشتگردی اور خودکش حملوں کے ذریعے عزاداری سیدالشہداء ؑ کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 8 محرم کو گھوٹ چھلگری ضلع بولان بلوچستان اور 9 محرم کو جیکب آباد سندھ میں ہونے والے دو بڑے دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشتگردوں، خودکش حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے تختہ دار پر لٹکائے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری نواسہ رسول ؐ، جگر گوشہ بتول ؑ امام عالی مقام ؑ ، مظلوم کربلا ؑ حضرت امام حسین ؑ تمام مسلمانوں کی مشترکہ میراث اور ہماری شہ رگ حیات ہے۔ محسن انسانیت، نواسہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سیدالشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام نے بزور مسلط کی جانیوالی حکمرانی کو ماننے سے انکار کر دیا تھا، اسلامی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی نفی پر مبنی جابرانہ نظام کو تسلیم نہ کیا، غیر اسلامی تہذیب کو ٹھکرا دیا اور اصلاح اُمت، معروف (نیکی) کو پھیلانے اور منکر (برائی) کو مٹانے کے لئے مدینہ سے ہجرت اختیار کی۔
61 ہجری میں سرزمین کربلا پر یزیدی فوج کے ہاتھوں 10 محرم عاشور کے روز نواسہ رسول ؐ نے اپنی قربانی دیکر اسلام کو بچایا۔ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ سیدالشہداء کے قیام اور جدوجہد سے درس حاصل کرتے ہوئے ان کے پیش نظر اعلٰی و عرفہ مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خودکش حملوں اور دہشتگردی کے واقعات سے عزاداری کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ عزاداران اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر تمام مشکلات اور رکاوٹوں کا مقابلہ کرتے ہوئے عزاداری سیدالشہداء ؑ مظلوم کربلا کا غم پہلے سے زیادہ عقیدت و احترام و جوش و جذبے سے بھرپور طور پر پرامن طریقے سے منا رہے ہیں۔ قبل ازیں علامہ سید ساجد علی نقوی نے علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری شیعہ علماء کونسل پاکستان و دیگر علماء کرام و عہدیداران کے ہمراہ امام بارگاہ یادگار حسین ؑ اور امام بارگا ہ بلتستانیہ سے برآمدہ ماتمی جلوس ہائے علم، ذوالجناح میں شرکت کی۔