ملت پاکستان قومی جذبے سے سرشار ہوکر متاثرین زلزلہ کی بھر امداد کیلئے میدان میں اترے، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں آنے والے تاریخ کے ہولناک زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اطہار کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبے خیرالعمل فاؤنڈیشن کے چیئرمین علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ پروردگار عالم نے اس زلزلے کی صورت میں ایک مرتبہ پھر ملت پاکستان کا امتحان لیا ہے، خدا کا شکر ہے کہ اس نے زیادہ اپنا خصوصی کرم کیا اور جانی و مالی نقصانات زیادہ نہ ہوئے، اس صورت حال میں ہماری باحیثیت قوم یہ ذمہ داری ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ اپنے ہم وطنوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں اور ان کی دوبارہ بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں خیر العمل فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے متاثرین زلزلہ کی امداد کیلئے باقائدہ ریلیف مہم کا آغاز کریں، خود بھی دل کھول کر عطیات دیں اور عوام کو بھی اس کار خیر کی جانب رغبت دلائیں، انشاء اللہ خیرالعمل فاؤنڈیشن ماضی کے سیلاب کے بعد کی جانے والی اعلیٰ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس امتحان میں بھی سرخرو ہوگی اور اپنے ہم وطن زلزلے سے متاثرہ بھائی بہنوں کی بحالی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔