Uncategorized

سیدہ زینب (س) صبر، جرات اور استقامت کا پیکر تھیں، راضیہ نوید

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں دارہ)  منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید نے کہا ہے کہ اپنا اقتدار بچانے کیلئے مظلوموں کا خون بہانا یزیدیت اور استحصالی نظام کے خلاف ڈٹ جانا اور اپنا سب کچھ لٹا دینا حسینیت ہے۔ انقلاب کا ہر رستہ کربلا سے ہو کر گزرتا ہے۔ سیدہ زینب ؑ صبر، جرات اور استقامت کا پیکر تھیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور انقلاب مارچ میں خواتین کی قربانیاں انہی کے قدموں کی خیرات ہیں۔ پاکستان کو ہر استحصال سے پاک کر کے دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب راولپنڈی میں سیدہ زینب ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی نے کیا تھا جس میں شہر بھر سے سینکڑوں خواتین شریک ہوئیں۔

راضیہ نوید نے مزید کہا کہ مغربی اور اور ہندی ثقافتی یلغار کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل تیزی سے اسلام سے دور ہو رہی ہے۔ ہمارے پہناوے، بلاوے حتیٰ کہ بچوں کے نام تک غیر اسلامی ہو چکے ہیں۔ ہمیں گھر گھر اسلامی محافل سجانا ہوں گی، بچیوں کو سنڈریلا کی بجائے خانوادہ رسول کی پاکیزہ خواتین کی زندگیاں ازبر کرانا ہوں گی۔ خواتین کو سیدہ زینب ؑ کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی ناہیدہ راجپوت نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی زبان اور قلم اس شجاعت اور استقامت کو بیان نہیں کر سکتی جو سیدہ زینب ؑ نے کربلا میں دکھائی۔

عاشورہ کا دن ڈھلتے ہی سیدہ کی شخصیت میں امام عالی مقام کا وقار اور عظمت دکھائی دینی لگی۔ پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنانے کیلئے مردوں کو امام حسین ؑ اور خواتین کو سیدہ زینب ؑ کی سنت پر عمل کرنا ہو گا۔ پروفیسر نائیلہ رضا، روبینہ سہیل اور فرزانہ حسین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی اولادوں کی پرورش اسلامی انداز میں کریں۔ خواتین پاکستان کی آبادی کا نصف ہیں، معاشرے کو مدنی بنانے کیلئے مائیں سیدہ زینب ؑ کے در اقدس سے عمل کی خیرات لیں۔ سیمینار ہال کے باہر ڈاکٹر طاہر القادری کی تصانیف، اسلامی اسکارف اور عبایا کے سٹال بھی لگائے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button