امریکہ اسلامی دنیا کو انتشار میں مبتلا رکھنا چاہتا ہے، اکرم ذکی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں دارہ)پاکستانی وزارت خارجہ کے سابق سیکرٹری جنرل سینیٹر (ر) محمد اکرم ذکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین خطے کے وہ ممالک ہیں، جو افغانستان میں دیرپا امن کے خواہشمند ہیں، اور اس سلسلے میں مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ افغانستان میں امریکی کردار کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ امریکہ افغانستان میں استحکام نہیں چاہتا، بلکہ اسے غیر مستحکم رکھنا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ فکر و عمل میں افغانستان سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افغان وفد میں ڈاکٹر فاروق اعظم، سابق مجاہد لیڈر و سینئر تجزیہ کار مذمل خان و دیگر شامل تھے۔ محمد اکرم ذکی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ پوری اسلامی دنیا کو غیر مستحکم رکھنا چاہتا ہے۔ شام، عراق، افغانستان و دیگر اسلامی ممالک اسی امریکی پالیسی کا شکار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اسلامی دنیا کو آپسی تنازعات کا شکار رکھے ہوئے ہے۔ اس موقع پر جنرل (ر) اسد درانی، سابق گورنر خیبر پختونخوا انجنئر شوکت اللہ، سینئر تجزیہ نگار و افغان امور کے ماہر سلیم صافی اور آصف لقمان قاضی موجود تھے