شیعہ علماء کونسل پاکستان کا حکومت سے زائرین کی آمد و رفت میں رکاوٹیں دور کرنیکا مطالبہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ اللہ یار ضلع جعفر آباد بلوچستان کی چیک پوسٹ پر پولیس کی جانب سے زائرین کے قافلوں کو روکے جانے پر وزارت داخلہ پاکستان کو خط تحریر کیا ہے، جس میں حکومت کو زائرین کی آمد و رفت میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے بروقت ہنگامی طور پر اقدامات کرتے ہوئے زائرین کے مسائل کو فوری اور مستقل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی توجہ انتہائی اہم، حساس اور فوری مسئلہ کی طرف دلانا مقصود ہے کہ سندھ کے زائرین کی بسوں کو جیکب آباد سے آگے ڈیرہ اللہ یار ضلع جعفر آباد بلوچستان کی چیک پوسٹ پر مقامی/صوبائی انتظامیہ و پولیس سے نے روکا ہوا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر زائرین کے علاوہ ملک بھر میں بسنے والے کروڑوں شیعیان حیدر کرار میں شدید بے چینی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
علامہ ساجد علی نقوی نے بھی اس صورتحال کو پریشان کن اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس مسئلہ کو فوری اور مستقل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس پریشان کن صورت حال کے پیش نظر بلوچستان انتظامیہ اور پولیس کو فوری اقدام کے ذریعے زائرین کو ہنگامی ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں، تاکہ ملک بھر میں پیدا ہونے والی بے چینی و تشویش کا خاتمہ ہوسکے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ زائرین کے مسئلہ پر یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ زائرین کے مسئلہ پر صوبائی حکومت وفاقی حکومت کو اور وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ذمہ دار قرار دے کر اس مسئلہ سے بری الذمہ ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔ جمہوری حکومت اداروں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے زائرین کو ریلیف فراہم کرنے کا پابند بنائے اور اس مسئلہ کا مستقل حل کیا جائے