کراچی آپریشن جاری رہیگا، شہر کا امن دوبارہ خراب نہیں کرنے دینگے، جنرل راحیل شریف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے، جو بلا تفریق جاری رہے گا، جبکہ شہر کا امن دوبارہ خراب نہیں کرنے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں امن و امان سے متعلق ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ شہر میں جاری آپریشن دہشت گردوں، ان کے ہمدردوں اور سہولت کاروں کے خلاف ہے، آپریشن کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے، جو بلاتفریق جاری رہے گا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن کی بحالی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، شہر میں کافی حد تک امن بحال کر دیا ہے، اور اب کراچی کا امن دوبارہ خراب نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی کارروائیوں سے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا نیٹ ورک توڑا جا چکا ہے، جبکہ اب شہر میں پائیدار امن کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتوں میں بہتر تعاون کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اور اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے اور انہیں مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا۔