شہدائے اے پی ایس کو شاندارخراج عقیدت پیش کریں گے، زعیم قادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ شہدا کے دوران پُروقار تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا، میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی کیلئے ایس او پی تیار کیا جا رہا ہے۔ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری نے پریس کانفرنس کی۔ سیکرٹری انفارمیشن مومن علی آغا، سیکرٹری ہائرایجوکیشن عرفان علی بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس میں تکفیری دہشتگردی سے نبرد آزما ہونے کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ زعیم قادری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سانحہ پشاور کے معصوم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پُروقار تقریبات منعقد کریگی۔ تقریبات میں کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ شہید کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل ہیڈکواٹرز میں پولیس کی پریڈ ہو گی اور ضلع کی سطح پر سیمینارز اور واکس ہونگی جن میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی تقریب 12 دسمبر کو ایوان اقبال میں ہوگی جس میں پاکستان آرمی کے اعلی افسران بھی شرکت کریں گے۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے لاوڈ سپیکر، نفرت آمیز تقاریر کرنے اور لٹریچر پھیلانے پر 48 ہزار 6 سو 17 ایف آئی آرز درج کی ہیں اور 53 ہزار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ زعیم قادری نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی کیلئے ایس او پی تیار کیا جا رہا ہے، میڈیا ہاؤسز کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی