ملک کے بیشتر علاقوں میں طالبان و کالعدم جماعتوں کا نیٹ ورک مضبوط ہو رہا ہے، ایم ڈبلیو ایم کراچی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماؤں بشمول علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ اعجاز حسین بہشتی سمیت دیگر نے پاراچنار کرم ایجنسی عیدگاہ بازار دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے اس واقعے کو حکومت و افواج پاکستان کی تکفیری دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں ناکامی قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کی جانب سے کرم ایجنسی پاراچنار بم دھماکے کے خلاف مسجد و امام بارگاہ شاہ خراسان سے نمائش چورنگی تک نکالے جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب میں کیا۔ ریلی میں علامہ مبشر حسن، علامہ احسان دانش، علامہ صادق جعفری، ناصر حسینی، رضوان پنجوانی سمیت سینکڑوں ایم ڈبلیو ایم کارکنان نے شرکت کی اورعالمی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش، طالبان اور کالعدم جماعتوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں گذشتہ دو ماہ کے دوران دہشت گردی کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں طالبان و کالعدم جماعتوں کا نیٹ ورک مضبوط ہو رہا ہے، تکفیری دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے بغیر قیام امن ممکن نہیں، سانحہ جیکب آباد، بولان کے بعد اب پارا چنار میں ہونے والے دھماکے نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو مشکوک بنا دیا ہے، دہشت گردی کے متواتر واقعات ملکی عوام میں خوف و مایوسی کی فضاء قائم ہو رہی ہے۔ مقررین نے وفاقی حکومت و افواج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ تکفیری دہشت گروں کے خلاف مشترکہ پالیسی تشکیل دے کر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، سانحہ میں 22 سے زائد افراد کی شہادت پر دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے