صفدر آباد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائی،تکفیری دہشتگرد واصلِ جہنم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)ضلع ننکانہ صاحب میں حساس اداروں اور صفدرآباد پولیس کی مشترکہ کارروائی میں ایک تکفیری دہشتگرد ہلاک، 3 فرار ہو گئے۔ ہلاک اور فرار ہونیوالے تکفیری دہشتگردوں کا تعلق عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی سے ہے جو سرکاری سکول اور مذہبی عبادت گاہ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے ایس ایچ او صفدرآباد خضر حیات بھٹی کو اطلاع دی کہ شاہ کوٹ روڈ پر چور کوٹ سٹاپ کے نزدیک ایک ویران مکان میں 4 تکفیری دہشتگرد موجود ہیں۔ جو کسی سرکاری سکول یا مذہبی مقام پر حملہ کرنیوالے ہیں۔ ایس ایچ او نے ایک چھاپہ مار پارٹی تشکیل دی۔ حساس اداروں کے اہلکاروں اور پولیس جب مذکورہ مکان کے قریب پہنچی تو دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے دیکھا کہ مکان کے باہر ایک دہشتگرد کی لعش موجود ہے جبکہ 3 تکفیری دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ صفدرآباد پولیس نے ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
دوسری جانب ننکانہ صاحب کے گاؤں قلعہ میاں سنگھ میں ہلاک ہونیوالے پانچوں تکفیری دہشتگردوں کی بھی شناخت ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونیوالوں اور 3 فرار ہونیوالے تکفیری دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی برکی میں درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 2 روز قبل ننکانہ صاحب کے علاقہ منڈی فیض آباد کے گاؤں قلعہ میاں سنگھ میں کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے ہلاک ہونیوالے 5 تکفیری دہشتگردوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے ان میں خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ کا رہائشی عطاء اللہ، رحیم یار خاں کا رہائشی اویس آصف، بھکر کا رہائشی خالد معاویہ، جلال پور پیر والا ضلع ملتان کا رہائشی بلال اور مظفر گڑھ کا رہائشی حافظ عرفان ولد اکبر شاہ گیلانی شامل ہیں۔ دہشتگردوں کے لواحقین کو سی ٹی ڈی پولیس نے متعلقہ تھانوں کے ذریعے اطلاع پہنچائی جس پر آج پانچوں دہشتگردوں کے لواحقین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب پہنچے جہاں انہوں نے نعشوں کی شناخت کر لی ہے۔ 2 روز گزر جانے کے باوجود بھی دہشتگردوں کی نعشوں کا تاحال پوسٹمارٹم نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق نعشوں کے پوسٹمارٹم کے بعد میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گے