لاہور، شہداء پشاور کی پہلی برسی، چیئرنگ کراس پر شہریوں کا رش، شہداء کو خراج تحسین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کی پہلی برسی، سینکڑوں شہریوں نے لاہور میں مال روڈ پر فیصل چوک میں شہداء کی تصویروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی یاد میں سینکڑوں شہریوں نے چیئرنگ کراس کا رخ کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے شہداء اور پاک آرمی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دشمن کی ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ ہم تکفیری دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، دشمن کی سازشوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، موت سے ہمیں ڈرانے والے غلط فہمی کا شکار ہیں۔ سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں ٹریفک پولیس کی باوردی لیڈی اہلکار بھی موجود تھیں، جنہوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ لیڈی وارڈنز کا کہنا تھا کہ دہشتگرد سکولوں پر جتنے بھی حملے کر لیں، ہم اتنے ہی بچے اپنے ملک پر قربان کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے۔ چیئرنگ کراس پر آنیوالوں میں مختلف سکولز، کالجز، دینی مدارس کے طلباء، سرکاری اداروں کے ملازمین اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والےافراد بھی شامل تھے۔ سانحہ اے پی ایس کی برسی منانے والے شہریوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ تکفیری دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں، جو اپنے وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے