نائیجریا میں نہتے شہریوں پر گولیاں چلا کر ظلم کی شرمناک مثال قائم کی گئی، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے نائیجیریا میں نہتے شہریوں پر بہیمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائیجریا میں نہتے شہریوں پر گولیاں چلا کر ظلم اور بربریت کی شرمناک مثال قائم کی گئی ہے، شیخ ابراہیم زکزاکی کے بیٹوں اور بیوی سمیت درجنوں معصوم مسلمانوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ شیخ ابراہیم زکزاکی عالم اسلام کے عظیم رہنما ہیں، جن سے دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کی عقیدت ہے، ان کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری براہ راست نائیجیرین حکومت اور افواج پر عائدہوتی ہے۔ انہوں نے نائیجرین حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس المناک سانحے کے ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں عبرت ناک سزا دی جائے۔ انہوں نے پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے باوجود دہشتگردی کے سانحات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا جائے۔ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے۔ تکفیری دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سیاسی، مذہبی اور مالی سہولت کاروں کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ آرمی پبلک اسکول پشاور سانحہ کی برسی کے موقع پر ہم ان معصوم شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ملک سے معصوم انسانوں کے قاتل تکفیری دہشت گردوں کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے