Uncategorized

شیعہ اور سنی رہنماؤں کا مشترکہ طور پر جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم منانے کا اعلان

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان، پاکستان عوامی تحریک اور جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماوُں کا صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس، پریس کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ساجد بھٹی اور جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی نے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ ماہ ربیع الاول تمام مسلمانوں کیلئے خوشیوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، انشااللہ حضور سرور کائنات کی یوم ولادت کو شیعہ سنی مسلمان مشترکہ طور پر شایان شان طریقے سے منائیں گے، پیغمبر اعظمۖ کی ذات اقدس تمام مسلم امہ کے درمیان مرکز وحدت ہیں، انشااللہ ہم میلاد مبارک کے جلوسوں میں اپنے اہلسنت بھائیوں کیساتھ ہونگے اور مل کر اس بابرکت دن کو منائیں گے۔ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اور گروہ بندی کرنیوالے نہ صرف پاکستان کے دشمن ہیں بلکہ اسلام سے بھی ان کا کوئی تعلق نہیں، دراصل یہ گروہ اسلام دشمنوں سے مل کر امت مسلمہ کے وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہے، ہم انشاءاللہ باہمی وحدت و اخوت سے دشمن کے اس ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی ظلم ہو رہا ہے جس میں یمن، عراق، شام اور نائجیریا کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ نائجیریا میں ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کے قتل عام کی کھلی تحقیق کرائی جائے اور اسلامک موومنٹ نائجیریا کے سربراہ آیت اللہ محمد ابراہیم ذکزکی کو فی الفور رہا کیا جائے۔ پریس کانفرنس سے پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ساجد بھٹی نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ جس طرح محرم تمام مسلمانوں کیلئے غم والم کا مہینہ ہے، عین اسی طرح ماہ ربیع الاول تمام مسلمانوں کیلئے خوشیوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، تمام مسلم امہ نبی رحمت ۖ کی یوم ولادت کو اپنا ایمانی فریضہ سمجھ کر مناتی ہے، ہم مٹھی بھر شرپسندوں کے پروپیگنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، پیغمبر اعظم ۖ سے محبت کے بغیر کسی بھی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں، آج کا یہ ایونٹ خوش آئند ہے کہ جس میں تمام مکاتب فکر کے رہنماوُں نے مل کر اعلان کیا ہے کہ میلاد پاک کو مشترکہ طور پر شایان شان سے منائیں گے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو شیعہ سنی نے مل کر بنایا ہے اور انشااللہ مل کر ہم اس پاک دھرتی کی حفاظت بھی کریں گے، عید میلاد النبی ۖ کو مشترکہ طور پر منانے کا یہ اعلان فرقہ پرستوں کے منہ پر طمانچہ ہے پاکستان میں شیعہ سنی کوئی تفریق نہیں، ہم ایک جسم کے مانند ہیں، شیعہ سنی کے درمیان تفریق ڈالنے والے دراصل اسلام کی نہیں بلکہ اسلام دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کے مشترکہ پروگرام اس بات کی دلیل ہے کہ شیعہ اور سنی متحد ہیں، اور اسلام دشمنوں کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔ پریس کانفرنس میں علامہ اقبال کامرانی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ بشیر حسین رضوی، علامہ ملک مظہر حسین، سید اسد عباس نقوی، آصف رضا ایڈووکیٹ، رانا ماجد علی، رائے ناصر علی، شفقت حسین، محمد کامران سرفراز چشتی، صاحبزادہ بلال چشتی بھی شریک تھے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button