Uncategorized

دین محمدی میں خودکش بمباروں، مذہبی سوداگروں کی کوئی گنجائش نہیں، طاہرالقادری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مینار پاکستان پر منعقدہ عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا قیام امن کیلئے صاحبؐ گنبد خضریٰ سے رہنمائی لے، اسلامی معاشرہ عدل و انصاف، برداشت اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا، کرپشن، معاشی استحصال، قتل و غارت گری، ناانصافی اور انتہا پسندی کافرانہ نظام کی پہچان ہیں، نبی آخرالزماںﷺ پوری انسانیت کیلئے امن اور رحمت کا پیغام بن کر آئے اور انہوں نے ہمیشہ مظلوم، غریب اور یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا، ان کا سچا امتی سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عشق و علم سے جہالت کے اندھیروں کو روشنی میں بدلا جائے، دین محمدیﷺ میں تنگ نظروں، انتہا پسندوں، علم کے دشمنوں، خودکش بمباروں اور مذہبی سوداگروں کی کوئی گنجائش نہیں۔ 32 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں سید محمود محی الدین القادری الگیلانی، جامعہ الازھر مصر کے کالج آف شریعہ و قانون کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالستار الجبائی، جامعہ الازھر کے کالج آف اصول و دین کے پرنسپل اور پروفیسر آف اسلامک فلاسفی ڈاکٹر عبدالرحیم نے عالمی میلاد کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

مینار پاکستان شب بھر آمد رسولﷺ مرحبا مرحبا اور مصطفوی انقلاب کے پر جوش نعروں سے گونجتا رہا۔ فجر کے وقت فضا میں کبوتر چھوڑے گئے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ منہاج القرآن کی طرف سے ہزاروں شرکاء کیلئے ضیافت میلاد کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ شرکاء کی سہولت کیلئے پنڈال کے اطراف میں بڑی بڑی سکرینیں نصب تھیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ پیغمبرؐ امن و محبت کے مبارک یوم ولادت کی نسبت سے نوجوانوں، طلباء و طالبات سے کہتا ہوں باطن کی روشنی اور حق تک رسائی کیلئے سیرت النبیﷺ کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے مطالعہ میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوان اپنی تعلیم اور مطالعہ کو بامقصد بنائیں اور نبی آخر الزماںﷺ کی مبارک سنت سمجھ کر علم حاصل کریں اور اسے فروغ دیں، پڑھے لکھے نوجوان وقت کے خارجیوں، دہشتگردوں، اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کے باطل اور گمراہ نظریات سے اپنے حلقہ احباب کو بچائیں۔ عالمی میلاد کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا ہوئی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button